ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُڈپی کے برہماور میں کشتی اُلٹ گئی؛ چار غرق؛ تین بچنے میں کامیاب

اُڈپی کے برہماور میں کشتی اُلٹ گئی؛ چار غرق؛ تین بچنے میں کامیاب

Mon, 24 Apr 2023 01:13:05    S.O. News Service

اُڈپی 23/اپریل (ایس او نیوز) برہماور پولس تھانہ حدود کے ھوڈے ندی میں سیپیوں کا شکار کرنے کےدوران اچانک کشتی اُلٹ جانے کے نتیجے میں کشتی پر سوار سات میں سے چار لوگ غرق ہوگئے، جبکہ دیگر تین تیراکی کرتے ہوئے کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ حادثہ اتوار شام کو پیش آیا۔

بتایا گیا ہے کہ غرق ہونے والے چار میں سے تین کی نعشیں برآمد کرلی گئی ہیں، ایک کی تلاش جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت ھوڈے کے فیضان، عِباد اورپڑوسی علاقہ سرینگیری کے رہائشی صُفّان اور فرحان کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ تمام کی عمریں 20 سے 22 سال ہیں۔

ندی میں غرق ہونے کی اطلاع ملتے ہی کافی تعداد میں لوگ ندی کے اطراف جمع ہوگئے، جس میں سے کئی نوجوان کشتیوں کی مدد سے غرق ہونے والوں کی تلاش شروع کردی، جس کے دوران تین لوگوں کی نعشیں ندی سے باہر نکالی گئیں، البتہ مزید ایک کی تلاش جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق عید کی چھٹی ہونے کی بناء پر پڑوسی ضلع چکمنگلور کے سرینگیری سے کچھ نوجوان ھُوڈے میں اپنے قریبی رشتہ دار کے ہاں تفریح کی غرض سے پہنچے تھے، شام کو سات نوجوان سیپیاں (سمندری غذا) پکڑنے کے لئے قریبی ندی میں اُترے تھے جس کے دوران یہ واردات پیش آئی۔

برہماور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔


Share: